ARTICLE AD BOX
یقینی بنائیں گے ایسا کوئی فیصلہ نہ ہو جو ہمارے اتحادیوں کے مفادات کے خلاف ہو: مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران سے ڈیل خلیجی اتحادیوں کی قیمت پر نہیں ہوگی، یقینی بنائیں گے ایسا کوئی فیصلہ نہ ہو جو ہمارے اتحادیوں کے مفادات کے خلاف ہو، ایران ڈیل چاہتا ہے تو ہم تیار ہیں، ہم یہ قبول نہیں کریں گے کہ کہ آبنائے ہرمز کسی ایک ملک کی ملکیت ہو۔
جمعرات کو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خطے کی مجموعی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ ان کی بہت اچھی اور مثبت بات چیت رہی ہے، اگرچہ بعض ممالک نے کچھ سنگین تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔ ان کے مطابق معاہدے کے بعد تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کے حوالے سے مؤقف بالکل واضح ہے، آبنائے ہرمز پر کسی قسم کا ٹیکس یا ٹول عائد نہیں کیا جائے گا اور خلیجی ممالک نے بھی ایسی کسی تجویز کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ عمان بھی آبنائے ہرمز پر ٹول ٹیکس لینے کے حق میں نہیں ہے۔
مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ آبی گزرگاہوں سے کوئی ملک ٹیکس وصول نہیں کر سکتا اور امریکا یہ قبول نہیں کرے گا کہ آبنائے ہرمز کسی ایک ملک کی ملکیت قرار دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم آبی گزرگاہ کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ایران سے متعلق سوالات کے جواب میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ایران دہشت گرد گروہوں کی معاونت بند نہیں کرتا تاہم انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران امریکا کے ساتھ اچھی ڈیل چاہتا ہے تو امریکا اس کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ایران مفاہمتی یادداشت اور اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اپنے معاہدوں پر عمل کرے گا تاہم امریکی وزیر خارجہ ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔
مارکو روبیو نے بتایا کہ ایران کی تعمیر نو کے لیے ممکنہ فنڈز کے حوالے سے خلیجی ممالک کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوئی جب کہ تکنیکی ٹیمیں 30 جون کو مزید مذاکرات کے لیے دوبارہ سوئٹزرلینڈ جائیں گی۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا خطے میں ایسا پائیدار اور حقیقی امن چاہتا ہے جو دیرپا ہو جب کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان بات چیت بھی جاری ہے۔
انہوں نے وینزویلا میں 7.5 شدت کے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے فوری طور پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے، امریکا اس مشکل وقت میں وینزویلا کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وینزویلا کے قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز سے رابطے میں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان امدادی تعاون جاری ہے۔
مارکو روبیو کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا کے فیئر فیکس کاؤنٹی اور لاس اینجلس سے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں وینزویلا پہنچ چکی ہیں جب کہ مزید ٹیموں کی روانگی بھی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کے مختلف ادارے امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں اور یہ ردعمل بڑا، تیز اور مؤثر ہوگا۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ زلزلے کے باعث وینزویلا کے ایک ہوائی اڈے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے پیش نظر امریکی محکمہ دفاع ضروری وسائل اور معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ساحلی علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے فضائی تصاویر بھی فراہم کر رہا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں کی صورت حال اور زلزلے کے اثرات کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران یہی سب سے اہم اور فوری ضروریات ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قطر، ایل سلواڈور اور چلی سمیت کئی ممالک نے بھی وینزویلا کی مدد کی پیشکش کی ہے۔
.png)
2 hours ago
2





English (US) ·