ARTICLE AD BOX
میئر کراچی نے سندھ کی سیلاب بحالی مہم اور پیپلز پارٹی کی عوامی خدمات کا دفاع کیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا ایسا شہر ہے جو پورے ملک کو سہارا دیتا ہے۔ انہوں نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پیپلز پارٹی حکومت کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے تناظر میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو منفی انداز میں پیش کرنے کے بجائے اس کی قومی خدمات اور معاشی اہمیت کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں اور مختلف سیاسی جماعتیں اپنا منشور عوام کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں خرم دستگیر کا ایک بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے ہنزہ کے عوام سے سوال کیا تھا کہ وہ اپنے علاقے کو لاہور جیسا دیکھنا چاہتے ہیں یا کراچی جیسا۔
مرتضیٰ وہاب نے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ وہ صوبہ ہے جہاں قدرتی آفات اور مشکلات کے دوران حکومت اور سیاسی قیادت عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت متاثرہ افراد کے ساتھ موجود رہی اور بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے دنیا کی سب سے بڑی بحالی مہم جاری ہے، جس کے تحت 21 لاکھ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں جب کہ 12 لاکھ سے زائد گھر متاثرہ خاندانوں کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی ایک غریب پرور اور ملک گیر شہر ہے جہاں پاکستان کے تمام علاقوں سے لوگ آ کر روزگار اور بہتر زندگی کے مواقع حاصل کرتے ہیں۔ ان کے بقول کراچی نہ صرف غریب اور کمزور طبقات کا سہارا بنتا ہے بل کہ ملکی معیشت میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی وہ شہر ہے جو پورے پاکستان کی معیشت کو متحرک رکھتا ہے اور اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ ہنزہ بھی کراچی کی طرح پورے ملک کی خدمت کرنے والا علاقہ بنے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ انتخابی نعروں اور وعدوں کے بجائے عملی کارکردگی کو مدنظر رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام دوست پالیسیوں کو عملی شکل دینے کی مثال اگر کسی سیاسی جماعت نے قائم کی ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔
.png)
7 hours ago
1




English (US) ·