Times of Pakistan

آیت اللہ خامنہ ای کے قاتلوں کا انجام طبعی موت کی صورت میں نہیں ہوگا: سینیئر ایرانی عہدیدار

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا اور اس معاملے کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائے گا: محمد مخبر

شائع 06 جولائ 2026 12:56pm

ایران کے سابق نائب صدر اور سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ شہید سپریم لیڈر کے قاتلوں سے انتقام لیا جائے گا اور ان کا انجام طبعی موت کی صورت میں نہیں ہوگا۔

ایران ےک سرکاری میڈیا کو دیے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ تصور بھی نہیں کیا جا سکتا کہ شہید سپریم لیڈر کے قاتل اس زمین پر محفوظ اور زندہ سلامت رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا اور اس معاملے کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

محمد مخبر نے اپنے بیان میں سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے ذمہ دار عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے گا اور انہیں سزا سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنی قیادت اور ریاستی سالمیت کے خلاف ہونے والے کسی بھی اقدام پر خاموش نہیں رہے گا اور اس کا جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے بھی اپنے بیان میں ان خیالات کی تائید کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہید سپریم لیڈر کے قتل میں ملوث عناصر کا پیچھا کیا جائے گا، وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں چھپ جائیں اپنے کیے کی سزا بھگتیں گے۔

جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ شہید سپریم لیڈر نے ملک میں عزت، خودمختاری اور قومی وقار کا جو راستہ متعین کیا تھا، مسلح افواج اسی مشن پر پوری ثابت قدمی سے گامزن ہیں اور دشمن کی کسی بھی سازش کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج موجودہ سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں کسی بھی ہچکچاہٹ کے بغیر اپنے دفاعی فرائض انجام دے رہی ہیں۔ ملک کے تحفظ کے لیے کسی بھی بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، جس کا واضح ثبوت حکومتی عزم ہے۔

دوسری جانب ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نماز جنازہ تہران میں ادا کی گئی جس کے بعد ان کی میت کا جلوس اگلے سفر کے لیے قُم روانہ ہوگیا۔

ایرانی حکام نے بتایا کہ سابق رہبرِ اعلیٰ کے جسدِ خاکی کو ایران کے شہر قم کے بعد پڑوسی ملک عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا بھی لے جایا جائے گا، جہاں لاکھوں لوگ ان کا آخری دیدار کر سکیں گے۔

بعد ازاں نو جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے مزار کے احاطے میں ان کی تدفین کی جائے گی۔

Read Entire Article