Times of Pakistan

امریکا نے ایران کو تیل کی فروخت کے لیے 60 دن کا لائسنس جاری کر دیا

3 hours ago 3
ARTICLE AD BOX

امریکا نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے تناظر میں ایرانی تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کے لیے 60 روزہ عمومی لائسنس جاری کر دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ اقدام سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی پیش رفت کے بعد کیا گیا۔

امریکی محکمہ خزانہ نے ایران سے متعلق ایک عمومی لائسنس جاری کیا ہے جس کے تحت 21 اگست تک ایرانی خام تیل، پیٹرولیم اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں جاری تعمیری مذاکرات کے نتیجے میں ایران نے آبنائے ہرمز میں آزاد اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت برقرار رکھنے اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے انسپکٹرز کو اپنے ملک میں داخلے کی اجازت دینے کا عزم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکا دنیا کو زیادہ محفوظ اور خوش حال بنانے کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق مذاکراتی فریم ورک کے تحت محکمہ خزانہ نے 60 روزہ عارضی عمومی لائسنس جاری کیا ہے، جس کے ذریعے ایرانی تیل کی پیداوار، ترسیل اور فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔

یہ پیش رفت اتوار کو سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ہونے والے ایران اور امریکا کے مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے۔ دونوں فریقوں نے مذاکرات کے دوران کشیدگی میں کمی، آبنائے ہرمز میں آزاد بحری آمدورفت، آئی اے ای اے انسپکٹرز کی ایران واپسی اور مستقبل کے جامع معاہدے کے لیے فریم ورک پر اتفاق کیا تھا۔

مذاکرات کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ فریقین کے درمیان ”بہت اچھی پیش رفت“ ہوئی ہے اور حتمی معاہدے کے لیے مضبوط بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

ان کے مطابق عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے انسپکٹرز جلد ایران جا کر ابتدائی معاہدے پر عمل درآمد کی نگرانی کریں گے، جب کہ ایران کے منجمد اثاثوں اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر بھی بات چیت جاری ہے۔

Read Entire Article