ARTICLE AD BOX
جمی کِمّل کا پروگرام 2003 سے نشر ہو رہا ہے اور حال ہی میں ان کے معاہدے میں توسیع بھی کی گئی ہے۔
شائع 28 اپريل 2026 11:24am
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے معروف ٹی وی میزبان جمی کمل کو نوکری سے نکالنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ یہ تنازع اس وقت پیدا ہوا جب جمی کمل نے اپنے ایک مزاحیہ پروگرام کے دوران خاتون اول کے بارے میں ایک ایسی بات کہی جسے ٹرمپ خاندان نے غیر مناسب اور نفرت انگیز قرار دیا ہے۔
یہ معاملہ اُس وقت شروع ہوا جب جمی کِمّل نے اپنے پروگرام میں ایک طنزیہ انداز اپناتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی سالانہ تقریب کی نقل کی۔ اس دوران انہوں نے میلانیا ٹرمپ کے بارے میں کہا کہ ان کے چہرے پر ’ایسی چمک ہے جیسے کسی ہونے والی بیوہ کی ہو‘۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمی کمّل کی اس بات کے دو دن بعد واشنگٹن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایک مسلح شخص نے داخل ہونے کی کوشش کی جہاں صدر ٹرمپ اور دیگر اہم سیاسی شخصیات موجود تھیں۔
اس پس منظر میں میلانیا ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کو روزانہ گھروں تک رسائی نہیں ملنی چاہیے جو نفرت پھیلاتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے بھی اس بیان کی حمایت کی اور اے بی سی سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب جمی کِمّل نے اپنے پیر کے پروگرام میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف ہلکے پھلکے انداز میں مذاق کرنا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بات کا مقصد کسی کو قتل کرنے کی ترغیب دینا ہرگز نہیں تھا۔ انہوں نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار بھی کیا جس میں تقریب کے شرکاء کو خوف اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس بات سے متفق ہیں کہ نفرت انگیز اور پرتشدد گفتگو کو مسترد کیا جانا چاہیے، اور اس حوالے سے ابتدا گھر سے بھی ہو سکتی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے کی جانے والی اس طرح کی گفتگو تشدد کو جواز فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ ایک مذہبی نشریاتی ادارے نے بھی وفاقی الیکشن کمیشن (ایف ای سی) میں شکایت درج کرائی ہے کہ جمی کمل جیسے بااثر افراد جب موت کے بارے میں مذاق کرتے ہیں تو اس سے ملک میں تشدد کی ثقافت کو فروغ ملتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب جمی کِمّل اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کشیدگی سامنے آئی ہو۔ کِمّل اکثر اپنے پروگرام میں صدر پر تنقید کرتے رہے ہیں، جس کی وجہ سے ماضی میں بھی تنازعات پیدا ہوتے رہے۔ گزشتہ سال ایک اور متنازع بیان کے بعد انہیں کچھ وقت کے لیے معطل بھی کیا گیا تھا، تاہم بعد میں انہیں دوبارہ پروگرام میں شامل کر لیا گیا تھا۔
اس معاملے پر اے بی سی کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ جمی کِمّل کا پروگرام 2003 سے نشر ہو رہا ہے اور حال ہی میں ان کے معاہدے میں توسیع بھی کی گئی ہے جو انہیں 2027 تک اس شو کا حصہ بنائے رکھے گی۔
ادھر پولیس نے اُس شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس نے تقریب میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، اور اس پر صدر کے قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
.png)
1 hour ago
1






English (US) ·