Times of Pakistan

ایران جنگ پر تنقید اور عالمی دباؤ: مارکو روبیو کی پوپ لیو سے اہم ملاقات

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ویٹی کن میں پوپ لیو چہارم سے ملاقات کی، یہ ملاقات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران جنگ پر پوپ پر سخت تنقید کے بعد ہوئی۔ ملاقات میں ایران جنگ، مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال، امن اور دیگر عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعرات کو ویٹی کن میں پوپ لیو چہارہم سے ملاقات کی، جسے واشنگٹن اور ویٹی کن کے درمیان حالیہ کشیدہ تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ’این بی سی نیوز‘ کے مطابق بند کمرے میں ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی اور اس دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال، ایران جنگ، مغربی نصف کرہ کے معاملات اور مذہبی آزادی سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگٹ نے کہا کہ ملاقات نے امریکا اور ویٹی کن کے درمیان مضبوط تعلقات اور امن و انسانی وقار کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پوپ لیو کے درمیان ایران جنگ کے معاملے پر لفظی کشیدگی بڑھ چکی ہے۔

ٹرمپ نے گزشتہ ہفتوں کے دوران پوپ لیو پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں خارجہ پالیسی کے لیے نقصان دہ اور جرائم کے معاملے میں کمزور قرار دیا تھا۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ایسا پوپ نہیں چاہتے جو ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت دینے کا حامی ہو۔

اس کے جواب میں پوپ لیو نے واضح کیا کہ کیتھولک چرچ ہمیشہ سے تمام جوہری ہتھیاروں کے خلاف آواز اٹھاتا آیا ہے اور ان کا مؤقف صرف امن اور انجیل کی تعلیمات پر مبنی ہے۔ پوپ نے کہا کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ سے خوفزدہ نہیں اور امن کے لیے اپنی اپیلیں جاری رکھیں گے۔

مارکو روبیو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ویٹی کن کے ساتھ کئی اہم معاملات زیر بحث ہیں، جن میں کیوبا کے لیے انسانی امداد اور دنیا بھر میں مذہبی آزادی کے مسائل شامل ہیں۔

ویٹی کن کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کارڈینل پیٹرو پیرولین نے بھی ٹرمپ کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پوپ پر اس انداز میں حملے کرنا غیر معمولی بات ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اس ہفتے بھی اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پوپ ایران کے جوہری پروگرام کے خطرات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔

دوسری جانب پوپ لیو نے حالیہ مہینوں میں ایران جنگ، عالمی عسکریت اور طاقت کے استعمال پر کھل کر تنقید کی ہے۔ انہوں نے دنیا کو چند آمرانہ ذہن رکھنے والے رہنماؤں کے باعث تباہی کے دہانے پر قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ پوپ لیو چہارم امریکا میں پیدا ہونے والے پہلے پوپ ہیں اور وہ گزشتہ ایک برس سے ویٹی کن کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کے دور میں امریکا اور ویٹی کن کے تعلقات ایران جنگ، امیگریشن پالیسی اور عالمی تنازعات پر اختلافات کے باعث کشیدگی کا شکار رہے ہیں۔

Read Entire Article