Times of Pakistan

ایران کے پاس 21 سے 22 فیصد میزائل باقی ہیں، معاہدے کے سوا کوئی راستہ نہیں؛ ٹرمپ کا دعویٰ

18 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

ان کا کہنا تھا کہ ایران ایسے اقدامات کرنے پر مجبور ہوگا جن کا اس نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے میزائل ذخائر میں نمایاں کمی آ چکی ہے اور اس کے پاس بالآخر معاہدہ کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔

این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے پاس اب صرف 21 سے 22 فیصد میزائل باقی رہ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ایسے اقدامات کرنے پر مجبور ہوگا جن کا اس نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ جاری تنازع اور اس کے حل میں وقت لگتا ہے اور ایسے معاملات فوری طور پر حل نہیں ہوتے۔ تاہم صورتحال اس سمت میں جا رہی ہے جہاں ایران کو مذاکرات اور معاہدے کی طرف آنا پڑے گا۔

اس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ ایران کے معاملے پر زبردست کامیابی حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران اس وقت جوہری ہتھیار رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہے اور امریکا اس حوالے سے اپنی پالیسی پر قائم ہے۔

آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اہم بحری گزرگاہ سے بڑی تعداد میں آئل ٹینکرز گزر رہے ہیں، تاہم انہوں نے کوئی مخصوص تعداد بتانے سے گریز کیا۔

امریکی صدر کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق بحران کے حل میں زیادہ وقت نہیں لگنا چاہیے اور جیسے ہی صورتحال معمول پر آئے گی، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تیل کی قیمتیں نہ صرف کم ہوں گی بلکہ ممکن ہے کہ موجودہ سطح سے بھی نیچے آ جائیں۔

Read Entire Article