Times of Pakistan

حکومت نے 25 اور 26 جون کو عام تعطیلات کا اعلان کردیا

10 hours ago 4
ARTICLE AD BOX

وفاقی حکومت نے یومِ عاشور (9 اور 10 محرم الحرام) کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے اور اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اور 10 محرم الحرام 1448 ہجری کی چھٹیوں کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 25 اور 26 جون 2026 (جمعرات اور جمعہ) کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ یہ اعلان کابینہ ڈویژن کے 19 جنوری 2026 کے سرکلر کے تسلسل میں کیا گیا ہے، جس میں سال 2026 کی سرکاری اور اختیاری تعطیلات کی فہرست جاری کی گئی تھی۔

اعلان کے مطابق یہ عام تعطیلات 5 روزہ اور 6 روزہ ورکنگ ویک پر عمل کرنے والے تمام سرکاری دفاتر پر یکساں طور پر لاگو ہوں گی۔

اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت میں یوم عاشورہ کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے تاہم موبائل سنگلز بحال رہیں گے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی یوم عاشورہ کے موقع پر 9 اور 10 محرم الحرام کو تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 25 اور 26 جون 2026 یعنی جمعرات اور جمعے کو صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اس دوران صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی ادارے، تعلیمی مراکز اور دفاتر بند رہیں گے۔

یاد رہےکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین اور ان کے اہل خانہ کی اسلام کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد میں یوم عاشورہ منایا جاتا ہے، محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے پیشِ نظر ملک بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں جب کہ متعلقہ اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

محرم الحرام کے سلسلے میں پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں 45 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آج 6 محرم الحرام کے موقع پر صوبے بھر میں 925 عزاداری جلوس اور 3922 مجالس ہو رہی ہیں جب کہ لاہور میں 56 عزاداری جلوس اور 425 مجالس کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش اور نفرت انگیز مواد کی تشہیر پر مکمل پابندی عائد ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والے عناصر کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے پنجاب میں پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے جدید سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق محرم سیکیورٹی کے لیے اے آئی بیسڈ پیشگی وارننگ سسٹم کو فعال کر دیا گیا ہے، جو ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کرے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حساس جلوسوں اور مجالس کا گزشتہ 10 برس کا سیکیورٹی ریکارڈ ڈیجیٹلائز کر کے نئی سیکیورٹی گریڈنگ مکمل کی گئی ہے جب کہ نفری کی تعیناتی اور سیکیورٹی اقدامات بھی ڈیٹا اور تجزیے کی بنیاد پر طے کئے گئے ہیں۔ حساس جلوسوں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کے لئے پنجاب ایمرجنسی آئی سافٹ ویئر مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے جلوس کے آغاز سے اختتام تک مرکزی کنٹرول روم کو ریئل ٹائم مانیٹرنگ دستیاب ہوگی۔

پولیس حکام کے مطابق لاہور سمیت بڑے شہروں میں سکیورٹی نفری کی تعیناتی اے آئی الرٹس کے مطابق تبدیل کی جا سکے گی جب کہ حساس مقامات کی جیو میپنگ مکمل کر کے ہائی رسک روٹس کی الگ نشاندہی بھی کر دی گئی ہے۔

Read Entire Article