Times of Pakistan

غزہ بورڈ آف پیس نے حماس کو مرحلہ وار غیر مسلح کرنے کا معاہدہ کرلیا: صدر ٹرمپ

1 hour ago 1
ARTICLE AD BOX

یہ معاہدہ غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے: امریکی صدر

شائع 31 جولائ 2026 09:11am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بورڈ آف پیس نے غزہ میں حماس سمیت تمام مسلح گروہوں کو مرحلہ وار غیر مسلح کرنے سے متعلق ایک تاریخی معاہدہ کر لیا ہے، جسے خطے میں دیرپا امن اور نئی سیاسی پیش رفت کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ جیسے ہی غزہ کو مکمل طور پر غیر مسلح کرنے کا عمل پایۂ تکمیل تک پہنچے گا، اسرائیلی افواج مرحلہ وار غزہ سے واپس چلی جائیں گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق یہ معاہدہ غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ اس پر عمل درآمد مرحلہ وار، منظم اور طے شدہ طریقۂ کار کے تحت کیا جائے گا۔

امریکی صدر کا پیغام میں مزید کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت ایک بین الاقوامی استحکام فورس فلسطینی پولیس کے ساتھ مل کر غزہ میں سیکیورٹی اور انتظامی امور کی ذمہ داری سنبھالے گی، تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور منتقلی کا عمل پرامن انداز میں مکمل ہو۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ آف پیس نے آج غزہ میں حماس سمیت تمام مسلح گروہوں سے متعلق ایک تاریخی معاہدہ طے کیا ہے، جو ان کے بقول خطے میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

تاہم اس معاہدے سے متعلق امریکی صدر کے دعوؤں پر تاحال متعلقہ فلسطینی حکام، حماس، اسرائیلی حکومت یا دیگر آزاد ذرائع کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

Read Entire Article