Times of Pakistan

معروف گلوکارہ دعا لیپا نے سامسنگ پر مقدمہ کردیا، وجہ کیا ہے؟

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

دعا لیپادنیا بھر میں مقبول ترین پاپ سنگرز میں شمار ہوتی ہیں۔ ان کے مشہور گانوں میں نیو رُول اور ڈونٹ اسٹارٹ ناؤ شامل ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار دعا لیپا نے ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی سامسنگ کے خلاف ایک بڑا قانونی مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ گلوکارہ نے الزام لگایا ہے کہ کمپنی نے ان کی تصویر کو ٹیلی ویژن سیٹس کی فروخت کے لیے بلا اجازت استعمال کیا، جس پر انہوں نے 15 ملین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مقدمہ 8 مئی کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سینٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر کیا گیا ہے، مقدمے میں دعویٰ کیا گیا کہ دعا لیپا کی ایک بیک اسٹیج تصویر، جو 2024 کے ”آسٹن سٹی لِمٹس“ کے دوران لی گئی تھی، سامسنگ نے امریکہ بھر میں فروخت ہونے والے ٹی وی باکسز پر نمایاں انداز میں شائع کی۔

آسٹن سٹی لمٹس ایک بڑا سالانہ میوزک فیسٹیول ہے جو امریکہ کے شہر آسٹن (ٹیکساس) میں ہوتا ہے۔ اسے مختصراً اے سی ایل فیسٹ بھی کہا جاتا ہے۔

رائٹرز کے مطابق اس مقدمے میں کہا گیا کہ تصویر اس انداز میں استعمال کی گئی جس سے خریداروں کو محسوس ہوا کہ دعا لیپا اس پروڈکٹ کی سفیر یا سپورٹر ہیں۔ گلوکارہ کے وکلا کے مطابق نہ صرف یہ کہ تصویر کے استعمال کی اجازت نہیں لی گئی بلکہ کمپنی نے کسی قسم کا معاوضہ یا مشاورت بھی نہیں کی۔

قانونی دستاویزات میں واضح طور پر کہا گیا کہ ”دعا لیپا نے اس استعمال کی اجازت کبھی نہیں دی اور اگر ان سے پوچھا جاتا تو وہ اس کی منظوری بھی نہ دیتیں۔“

مقدمے کے مطابق یہ معاملہ صرف تصویر کے غیر قانونی استعمال تک محدود نہیں بلکہ اس سے دعا لیپا کی برانڈ ویلیو اور عوامی شناخت کو بھی نقصان پہنچا۔ شکایت میں دعویٰ کیا گیا کہ سامسنگ نے جان بوجھ کر ان کی شہرت، مقبولیت اور عالمی پہچان کو اپنے ٹی وی سیٹس کی فروخت بڑھانے کے لیے استعمال کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مقدمے میں سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے بھی بطور ثبوت شامل کیے گئے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا، ”میں اصل میں ٹی وی خریدنے کا سوچ بھی نہیں رہا تھا، لیکن باکس پر دعا لیپا کی تصویر دیکھی تو خرید لیا۔“ جبکہ ایک اور پوسٹ میں کہا گیا، ”اگر آپ کو کچھ بیچنا ہو تو بس دعا لیپا کی تصویر لگا دیں۔“ وکلا کے مطابق ایسے تبصرے اس بات کا ثبوت ہیں کہ تصویر نے صارفین کے خریداری کے فیصلوں پر اثر ڈالا۔

قانونی دستاویزات کے مطابق دعا لیپا کی ٹیم کو جون 2025 میں اس مبینہ خلاف ورزی کا علم ہوا، جس کے بعد سامسنگ کو باضابطہ طور پر ’سیز اینڈ ڈِسِسٹس نوٹس‘ بھیجے گئے۔ ایسے نوٹس عام طور پر کسی کمپنی یا فرد کو متنبہ کرنے کے لیے بھیجے جاتے ہیں تاکہ وہ فوری طور پر متنازع سرگرمی بند کرے۔ تاہم شکایت میں الزام لگایا گیا کہ سامسنگ نے ان انتباہات کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور تصویر کا استعمال جاری رکھا۔

مقدمے میں کمپنی کے رویے کو ”ڈس مسِو اینڈ کیلَس“ یعنی لاپرواہ اور بے حس قرار دیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا کہ متعلقہ مصنوعات آج بھی مارکیٹ میں موجود ہیں، جس سے مبینہ نقصان مسلسل بڑھ رہا ہے۔

جس تصویر پر تنازع کھڑا ہوا، اس کا عنوان ”دعا لیپا - بیک اسٹیج ایٹ آسٹن سٹی لِمٹس، 2024“ بتایا گیا ہے، اور مقدمے کے مطابق یہ تصویر امریکی کاپی رائٹ آفس میں باقاعدہ رجسٹرڈ بھی ہے۔ اس بنیاد پر دعا لیپا کی قانونی ٹیم کا مؤقف ہے کہ یہ نہ صرف پبلیسٹی رائٹس بلکہ کاپی رائٹ قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

گلوکارہ اس مقدمے میں کم از کم 15 ملین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کر رہی ہیں، اس کے علاوہ وہ ان ٹی وی مصنوعات کی فروخت سے حاصل ہونے والے منافع میں بھی حصہ چاہتی ہیں جن پر ان کی تصویر استعمال کی گئی۔

30 سالہ دعا لیپا دنیا کی مقبول ترین پاپ سنگرز میں شمار ہوتی ہیں۔ ان کے مشہور گانوں میں لیویٹیٹنگ، نیو رُول اور ڈونٹ اسٹارٹ ناؤ شامل ہیں۔

Read Entire Article