Times of Pakistan

وزارتِ خارجہ نے یو اے ای کے مالی ذخائر سے متعلق تبصرے مسترد کردیے

6 days ago 1
ARTICLE AD BOX

شائع 04 اپريل 2026 10:47pm

دفترِ خارجہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مالی ذخائر سے متعلق گردش کرنے والے تبصروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے یو اے ای کے ذخائر تجارتی معاہدوں کا حصہ تھے اور ان کی واپسی ایک معمول کی مالیاتی کارروائی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ یہ ذخائر پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے حمایت کا مظہر رہے ہیں اور حکومت پاکستان طے شدہ مدت پوری ہونے پر انہیں واپس کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معمول کی کارروائی کو غلط رنگ دینا گمراہ کن ہے۔

دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جب کہ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون جاری ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام پاک-امارات دوستی میں شیخ زاید بن سلطان النہیان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور پاکستان یو اے ای کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے 2 ارب ڈالر قرض کی فوری واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ رقم رواں ماہ کے اختتام تک یو اے ای کو منتقل کر دی جائے گی۔

قرض پہلے پاکستان کے اکاؤنٹ میں سیف ڈپازٹ کی صورت میں موجود تھا اور اس پر 6 فیصد سود ادا ہو رہا تھا۔ یو اے ای نے پہلے اس قرض کی مدت میں توسیع کی تھی، تاہم اب فوری واپسی کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

Read Entire Article