Times of Pakistan

پنجاب اور سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران اپنوں کے ہاتھوں قتل کی کئی لرزہ خیز وارداتیں

1 hour ago 1
ARTICLE AD BOX

شائع 28 اپريل 2026 09:00am

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع میں قتل کی متعدد دل دہلا دینے والی وارداتیں سامنے آئی ہیں جہاں رشتوں کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے قریبی عزیزوں نے ہی ایک دوسرے کی جان لے لی۔

سرگودھا کے نواحی علاقے میلوال میں رشتے کے تنازع نے تین زندگیوں کے چراغ گل کر دیے جہاں ایک ملزم نے فائرنگ کر کے اپنی چچی، کزن اور گھر کی ملازمہ کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ ڈی پی او سرگودھا صہیب اشرف نے اس لرزہ خیز واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے اور مفرور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ادھر گوجرانوالہ کے علاقے رحمت پورہ میں ایک گھر سے ماں اور بیٹی کی لاشیں ملنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ہے جبکہ مقتولہ کی ایک بیٹی اس حملے میں خوش قسمتی سے محفوظ رہی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک قتل کی اصل وجوہات سامنے نہیں آ سکیں تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

لودھراں میں بھی ایک سنگین واقعہ پیش آیا جہاں عثمان نامی شخص نے اپنی بیوی مریم کا تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم نے ایک ماہ قبل ہی چار بچوں کی ماں مریم سے پسند کی شادی کی تھی لیکن گھریلو جھگڑے نے اس خونی انجام کی شکل اختیار کر لی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔

عارف والا میں سفاکی کی تمام حدیں اس وقت پار ہو گئیں جب ایک گھر داماد نے اپنی تریسٹھ سالہ ساس بشریٰ بی بی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ نے حال ہی میں بھینس فروخت کی تھی جس پر ملزم نے ان سے چھ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور انکار پر چاقو کے وار کر کے انہیں قتل کر دیا۔

ملزم نے جرم چھپانے کے لیے پہلے لاش گھر میں رکھی اور پھر اس کے ٹکڑے کر کے کھیتوں میں دبا دیے۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر جب ملزم سے پوچھ گچھ کی تو اس نے اعترافِ جرم کر لیا۔

سندھ کے ضلع بدین میں بھی انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں ایک نشئی بیٹے وسیم ملاح نے کلہاڑی کے وار کر کے اپنی ہی ماں کی جان لے لی۔ پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

میرپورخاص میں بھی کلہاڑیوں کے وار سے لکھا ڈنو نامی شخص کو قتل کر دیا گیا، جہاں گھر والے ہی ایک دوسرے پر الزامات لگاتے نظر آئے۔

مقتول کے بیٹے نے اپنے چچا کو قاتل قرار دیا جبکہ مقتول کے بھائی نے اپنے ہی بھتیجوں پر قتل کا الزام عائد کر دیا۔ پولیس نے ان تمام واقعات کی تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

Read Entire Article