Times of Pakistan

کراچی: مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، چار زخمی سمیت آٹھ ملزمان گرفتار

23 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران چار زخمیوں سمیت  8 ملزمان کو  گرفتار کر لیا، جبکہ چار ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان ساؤتھ ڈسٹرکٹ پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈیفنس کے علاقے قیوم آباد سی آر روڈ کے قریب دوران گشت پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم محمد شان ولد الطاف زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فخر ولد ظفر بھی فرار ہونے کی کوشش کے دروان گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ تیسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، ایمونیشن اور 125 سی سی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فرار ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

 ادھر کیماڑی ضلع کے اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود قائم خانی کالونی قبرستان کے قریب مبینہ  پولیس مقابلے میں علی اعجاز ولد زیشان زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ضلع ایسٹ سچل تھانے کی حدود سپر ہائی وے پنجاب بس اڈہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران شہراز ولد ویرو خان زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کر کے زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کر دیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

دریں اثنا شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے قائد آباد کے قریب ریڈیو پاکستان گراؤنڈ کے نزدیک موٹر سائیکل سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 29 سالہ تنویر زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی قاسم شاہ بھی دھر لیا گیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Read Entire Article