Times of Pakistan

کراچی میں مون سون، محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کر دیے؛ سب سے زیادہ بارش کہاں ہوئی؟

1 day ago 1
ARTICLE AD BOX

کراچی:

کراچی میں مون سون سسٹم کے زیرِ اثر دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں ہلکی اور درمیانی بارش، بوندا باندی اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہر بھر میں ہونے والی بارش کے تازہ اعداد و شمار بھی جاری کر دیے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ہفتے کی شب سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، اسکیم 33، ملیر، شاہ فیصل ٹاؤن، ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، حسن اسکوائر، کھوکھراپار، ماڈل کالونی، ایئرپورٹ کے اطراف، گڈاپ، گلشنِ معمار، منگھوپیر اور موٹروے ایم نائن سمیت متعدد علاقوں میں کہیں ہلکی بارش، کہیں بوندا باندی اور پھوار ریکارڈ کی گئی۔

سرجانی، گڈاپ، گلشنِ معمار اور منگھوپیر میں تیز ہواؤں کے جھکڑ بھی چلتے رہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم کی شدت اب خاصی کمزور ہو چکی ہے، تاہم آئندہ بھی شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان برقرار ہے۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 17 ملی میٹر بارش گلشنِ حدید میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ اورنگی ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن میں 5.0، کیماڑی میں 3.5، پی اے ایف مسرور بیس میں 3.0، ایئرپورٹ اولڈ ایریا اور جناح ٹرمینل پر 2.6، ناظم آباد میں 2.3، کورنگی، موٹروے ایم نائن اور صدر ٹاؤن میں 2.0 جبکہ گلشنِ معمار میں 1.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ شہریوں نے گرمی اور حبس میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا

Read Entire Article