Times of Pakistan

کوئٹہ: کچلاک بائی پاس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، معروف تاجر محمد ہاشم جاں بحق

3 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

کوئٹہ کے علاقے کچلاک بائی پاس پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے معروف تاجر اور ہوٹل کے مالک محمد ہاشم خان جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد فرار ہوگئے، جبکہ قتل کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں کچلاک بائی پاس پر پیش آیا، جہاں معروف تاجر اور ہوٹل کے مالک محمد ہاشم خان اپنی ذاتی ویگو گاڑی میں کچلاک سے کوئٹہ شہر آ رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک گولی محمد ہاشم خان کے سر جب کہ دو گولیاں ان کے بازوؤں پر لگیں، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ورثا نے کسی ذاتی دشمنی سے لاعلمی ظاہر کی ہے، تاہم قتل کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

Read Entire Article