ARTICLE AD BOX
شائع 10 اپريل 2026 05:05pm
گیلپ کے تازہ ترین سروے میں سامنے آیا ہے کہ پاکستانی عوام ایران امریکا جنگ بندی کے لیے متحدہ ہیں، جنگ بندی کی کوششوں میں حکومت کو عوام کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے، 93 فیصد پاکستانیوں نے جنگ بندی کی حمایت کی جب کہ 80 فیصد پاکستانیوں کو امریکا ایران مذاکرات سے مستقل امن کی امید ہے۔
گیلپ پاکستان کی جانب سے 8 اور 9 اپریل 2026 کو کیے گئے ایک فوری عوامی سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستانی عوام کی بڑی تعداد نے بین الاقوامی تنازع میں جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کردار کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ اس کے مثبت نتائج کے حوالے سے بھی امید کا اظہار کیا ہے، سروے کے نتائج اہم سفارتی مذاکرات سے قبل سامنے آئے ہیں۔
سروے کے مطابق 82 فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ وہ جنگ بندی کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں سے آگاہ ہیں، جن میں سے 46 فیصد نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے کافی معلومات رکھتے ہیں جب کہ صرف 14 فیصد افراد نے لاعلمی ظاہر کی۔
گیلپ سروے کے مطابق 93 فیصد پاکستانیوں نے تنازع میں پاکستان کے ثالثی کردار کی حمایت کی، جن میں 72 فیصد نے بھرپور حمایت کا اظہار کیا جب کہ مخالفت کرنے والوں کی تعداد نہایت کم رہی۔
سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ 88 فیصد شہریوں کا ماننا ہے کہ پاکستان کو عالمی تنازعات میں فعال ثالثی کردار ادا کرنا چاہیے جب کہ 5 فیصد نے غیرجانبدار رہنے اور 3 فیصد نے کسی ایک فریق کا ساتھ دینے کی رائے دی۔
مزید برآں، 80 فیصد پاکستانیوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنگ بندی مستقل امن کی راہ ہموار کر سکتی ہے اور ان میں سے بھی 44 فیصد ایسے ہیں جو امن کے لیے بہت زیادہ پرامید ہيں۔
یہ سروے تقریباً ایک ہزار بالغ افراد پر مشتمل نمائندہ نمونے پر کیا گیا، جس میں رینڈم ڈیجٹ ڈائلنگ کے ذریعے ٹیلی فونک انٹرویوز کیے گئے جب کہ اس کا مارجن آف ایرر 2 سے 3 فیصد بتایا گیا ہے۔
.png)
1 hour ago
1







English (US) ·