Times of Pakistan

ہانیہ قتل کیس، لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس حکام کو نوٹس جاری کر دیے

1 hour ago 3
ARTICLE AD BOX

لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ میں چکوال میں سی سی ڈی کی فائرنگ سے 9 سالہ ہانیہ کے جاں بحق ہونے کے خلاف دائر رٹ پٹیشن پر ابتدائی سماعت ہوئی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کل تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں چکوال میں سی سی ڈی کی فائرنگ سے 9 سالہ ہانیہ کے قتل کے خلاف رٹ پٹیشن پر سماعت ہوئی۔ رٹ پٹیشن ایڈووکیٹ میاں آصف محمود نے عوامی مفاد میں دائر کی تھی۔

ابتدائی سماعت کے دوران عدالت نے پٹیشن پر عائد تمام اعتراضات ختم کرتے ہوئے اسے باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔ عدالت نے آئی جی پنجاب، آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او چکوال کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کل تک جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔

پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چکوال کا واقعہ ریاستی اداروں کے اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق سی سی ڈی اہلکاروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 9 سالہ ہانیہ جاں بحق ہوئی۔

پٹیشن میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی خاندان کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا اور یہ واقعہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے، واقعے کی عدالتی انکوائری کرائی جائے اور انصاف کی فراہمی کے لیے ایک آزاد عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔

رٹ پٹیشن پر سماعت جسٹس صداقت علی خان نے کی، جب کہ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل جاری ہونے والی ہانیہ عدیل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 9 سالہ بچی کے جسم پر گولیوں اور زخموں کے 11 نشانات پائے گئے، جب کہ متعدد گولیاں لگنے اور زیادہ خون بہنے کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔

Read Entire Article