Times of Pakistan

یوٹیوب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ: مسٹر بیسٹ کے سبسکرائبرز 50 کروڑ سے تجاوز کر گئے

1 day ago 5
ARTICLE AD BOX

یوٹیوب پر مسٹر بیسٹ سے پہلے ایک بڑا ریکارڈ کورین میوزک گروپ بلیک پنک نے بھی بنایا تھا جو 10 کروڑ سبسکرائبرز تک تھا۔

دنیا کے مقبول ترین ویڈیو کریئٹرمسٹر بیسٹ نے یوٹیوب کی تاریخ کا سب سے بڑا اور منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ دنیا کے پہلے ایسے یوٹیوبر بن گئے ہیں جن کے سبسکرائبرز یعنی ان کے چینل کو فالو کرنے والوں کی تعداد 50 کروڑ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اس سے پہلے کوئی بھی انفرادی کانٹنٹ کریئٹر اس سنگ میل تک نہیں پہنچ سکا ہے۔

مسٹر بیسٹ کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے اور وہ 7 مئی 1998 کو امریکی ریاست کینساس میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے محض 13 سال کی عمر میں 20 فروری 2012 کو اپنا یوٹیوب چینل بنایا تھا اور اس کے اگلے ہی دن اپنی پہلی ویڈیو اپلوڈ کی تھی۔ اپنے سفر کے آغاز میں وہ کمپیوٹر گیمز جیسے کہ مائن کرافٹ، پوکیمون آن لائن اور کال آف ڈیوٹی کے بارے میں ویڈیوز بنایا کرتے تھے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے کام کا انداز پوری طرح بدل دیا۔

جمی ڈونلڈسن کو پہلی بڑی کامیابی 2017 میں ملی جب انہوں نے ایک منفرد ویڈیو اپلوڈ کی جس میں وہ بغیر رکے 10 ہزار تک گنتی گنتے ہوئے نظر آئے۔ تین گھنٹے سے زیادہ طویل یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی اور اب تک اسے 6 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔ اس کامیابی کے بعد ان کی شہرت کو پر لگ گئے اور وہ دنیا بھر میں اپنے بڑے چیلنجز، بھاری بجٹ کے تجربات اور فلاحی کاموں کی وجہ سے پہچانے جانے لگے۔

ان کے چینل کی سب سے مقبول ویڈیوز میں سے ایک مشہور ویب سیریز پر مبنی اسکویڈ گیم ان رئیل لائف ہے جس میں انہوں نے لاکھوں ڈالرز کے انعامات رکھے تھے، اس ایک ویڈیو کو اب تک تقریباً ایک ارب بار دیکھا جا چکا ہے۔

آج مسٹر بیسٹ کو یوٹیوب کی دنیا کی سب سے بااثر شخصیت اور مہنگے ترین آن لائن انٹرٹینمنٹ کا بانی مانا جاتا ہے، جن کی ویڈیوز میں اکثر لوگوں کو نقد رقم، گاڑیاں، گھر اور دیگر قیمتی تحائف دیے جاتے ہیں۔

اس سے قبل یوٹیوب پر ایک بڑا ریکارڈ کورین میوزک گروپ بلیک پنک نے بھی بنایا تھا جو 10 کروڑ سبسکرائبرز تک پہنچنے والا پہلا آرٹسٹ چینل بنا تھا، لیکن انفرادی سطح پر مسٹر بیسٹ نے اب 50 کروڑ کا ہندسہ عبور کر کے ایک ایسی تاریخ رقم کر دی ہے جس تک پہنچنا کسی بھی دوسرے کریئٹر کے لیے ایک بڑا خواب ہے۔

Read Entire Article