Times of Pakistan

ایم ایل ون ریلوے ٹریک کی اَپ گریڈیشن، مجموعی لاگت کتنے ارب ڈالر آئے گی؟

12 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

اسلام آباد:

وزارتِ ریلوے نے کراچی سے پشاور تک 1726 کلومیٹر طویل ایم ایل ون ریلوے ٹریک کی اَپ گریڈیشن کا جامع منصوبہ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔

دستاویزات کے مطابق منصوبہ 5 مراحل میں مکمل کیا جائے گا جبکہ اس پر مجموعی طور پر 6 ارب 66 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔

دستاویزات کے مطابق پہلے مرحلے میں کراچی سے روہڑی تک 480 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی اَپ گریڈیشن کا آغاز رواں سال کیا جائے گا اور اسی سال منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ کراچی۔روہڑی سیکشن پر تقریباً 2 ارب ڈالر لاگت آئے گی جبکہ اسے 3 سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

دوسرے مرحلے میں روہڑی سے ملتان تک 449 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی بہتری اور اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ اس منصوبے پر 1 ارب 26 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے اور تکمیل کی مدت 3 سال رکھی گئی ہے۔

تیسرے مرحلے میں ملتان سے لاہور تک 334 کلو میٹر ریلوے ٹریک اَپ گریڈ کیا جائے گا۔ اس فیز پر 88 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی جبکہ منصوبہ 2 سال میں مکمل کیا جائے گا۔

چوتھے مرحلے میں لاہور سے راولپنڈی تک 289 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اَپ گریڈیشن کی جائے گی، جس پر 1 ارب 56 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے۔ حکام کے مطابق اس مرحلے کی تکمیل کے لیے 3 سال کی مدت مقرر کی گئی ہے۔

پانچویں اور آخری مرحلے میں راولپنڈی سے پشاور تک 174 کلومیٹر ریلوے ٹریک کو اَپ گریڈ کیا جائے گا۔ اس منصوبے پر 92 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی جبکہ اسے 2 سال میں مکمل کیا جائے گا۔

وزارتِ ریلوے کے مطابق ایم ایل ون منصوبہ ملک کے ریلوے نظام میں بہتری، سفر کے دورانیے میں کمی اور مال برداری کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Read Entire Article