Times of Pakistan

بھارت کی ملٹری جو پروفیشنل تھی سیاسی ہوچکی ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

1 hour ago 4
ARTICLE AD BOX

معرکہ حق میں جو کچھ ہوا وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت کا بچہ بچہ جانتا ہے، اگرچہ وہ اسے تسلیم کرنے سے کتراتے ہیں: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل اور رحمت سے مسلح افواج قوم کی امنگوں پر ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پوری اتری ہیں اور ہم نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دے کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے جمعرات کو میڈیا سے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق میں جو کچھ ہوا وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت کا بچہ بچہ جانتا ہے، اگرچہ وہ اسے تسلیم کرنے سے کتراتے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی فوجی اور سیاسی قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ملٹری جو کبھی پروفیشنل کہلاتی تھی اب مکمل طور پر سیاسی ہو چکی ہے اور ان کے سیاستدان جنگ جو لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو دنیا کے سامنے نیٹ سیکیورٹی پرووائڈر کے طور پر پیش کرتا رہا ہے لیکن حقیقت میں بھارت خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے جو مقبوضہ کشمیر میں معصوم عوام پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے پاکستان پر دہشت گردی کا جھوٹا الزام لگاتا ہے لیکن اب دنیا اس کی من گھڑت باتوں پر کان دھرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ بھارت نے اس جنگ کے دوران سراسر جھوٹ پر مبنی بیانیہ اپنایا اور مکارانہ طریقے سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے، جبکہ ثبوت یہ بتاتے ہیں کہ وہ خود ان سرگرمیوں کا مرکز ہے۔

انہوں نے پہلگام واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے لیکن پاکستان نے اس وقت جو سوالات اٹھائے تھے، بھارت آج تک ان کا جواب نہیں دے سکا اور وہ سوالات اب بھی جوں کے توں موجود ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر ایک متنازع علاقہ ہے اور وہاں کے عوام کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہم نے ایک سال پہلے ثابت کر دیا تھا کہ جذبہ ایمانی اور پیشہ ورانہ مہارت کے سامنے عددی برتری کوئی معنی نہیں رکھتی۔

ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کی کامیابی اس بات کی گواہ ہے کہ جب دشمن نے مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے زمین، فضا اور سمندر ہر جگہ منہ کی کھانی پڑی۔ پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ کے افسران کی مشترکہ موجودگی اس بات کی علامت تھی کہ دفاع وطن کے لیے تمام ادارے ایک پیج پر اور متحد ہیں۔

Read Entire Article