ARTICLE AD BOX
قتل اور اغواء کے مقدمات میں مطلوب ملزم مشترکہ کارروائی میں لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب پکڑا گیا
کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے خطرناک قیدی طاہر نوید عرف پولکا کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔ قتل اور اغواء جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم کو خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کے دوران لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب حراست میں لیا گیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، شاہ لطیف پولیس اور جیل پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملیر جیل سے فرار قیدی طاہر نوید عرف پولکا کو گرفتار کیا۔
حکام کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب چھاپہ مارا گیا، جہاں سے ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ موقع پر موجود جیل پولیس اہلکاروں نے گرفتار ملزم کی شناخت کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طاہر عرف پولکا 9 مئی کو ملیر جیل سے فرار ہوا تھا۔ وہ قتل اور اغواء کے سنگین مقدمات میں جیل میں قید تھا جبکہ اس کے خلاف تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں مقدمات درج تھے۔
ذرائع کے مطابق سینئر صحافی شہید ولی بابر کے قتل کیس میں بھی طاہر نوید کا نام سامنے آیا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم جیل میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران مہمانوں کی آڑ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
مشترکہ کارروائی کے بعد ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیر جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے ملزم کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سے فرار ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے عوام کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر متحرک ہیں اور مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔
.png)
37 minutes ago
1




English (US) ·